ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’لوک سبھا میں اڈانی پر راہل گاندھی کے بیان میں کچھ بھی غیر پارلیمانی نہیں‘، ایوان میں کھڑگے کا دو ٹوک جواب

’لوک سبھا میں اڈانی پر راہل گاندھی کے بیان میں کچھ بھی غیر پارلیمانی نہیں‘، ایوان میں کھڑگے کا دو ٹوک جواب

Mon, 13 Feb 2023 20:47:02    S.O. News Service

نئی دہلی،13؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ دیئے گئے نوٹس پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ راجیہ سبھا میں حزب مخالف لیڈر ملکارجن کھڑگے نے پیر کے روز کہا کہ پارلیمنٹ میں راہل گاندھی نے صنعت کار گوتم اڈانی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان رشتوں کے بارے میں جو کہا، اس میں کچھ بھی غیر پارلیمانی نہیں تھا۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے ذریعہ کانگریس رکن پارلیمنٹ کو بھیجے گئے استحقاق کی خلاف ورزی نوٹس پر رد عمل دیتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں جو کچھ بھی کہا، وہ پہلے سے ہی منظر عام پر ہے اور اس میں کچھ بھی غیر پارلیمانی نہیں ہے۔ اس لیے وہ اسی طرح نوٹس کا جواب دیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ راہل گاندھی کو لوک سبھا سکریٹریٹ نے 8 فروری کو نوٹس بھیجا تھا، جس کا انھیں 15 فروری تک جواب دینا ہے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ نے 2014 میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کے اقتدار میں آنے کے بعد اڈانی کی دولت میں اچانک اضافہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کے مودی کے ساتھ رشتوں پر سوال اٹھائے تھے۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم پر کرونی کیپٹلزم کا بھی الزام عائد کیا تھا۔

دوسری طرف اڈانی معاملے پر اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے ذریعہ نعرہ بازی کے درمیان راجیہ سبھا کی کارروائی 13 مارچ، صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ 13 مارچ سے شروع ہوگا، جو 6 اپریل تک چلے گا۔ دوسرے مرحلہ میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مالیاتی بل پر بحث کی جائے گی، جس کے بعد بل کو دونوں ایوانوں سے پاس کرایا جائے گا۔ 31 جنوری سے 6 اپریل تک مجموعی طور پر 66 دنوں (چھٹی ملا کر) میں 27 میٹنگیں ہونی ہیں۔


Share: